نئی دہلی،28؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس سے قبل31جنوری کو ایوان بالا کے قائدین کا اجلاس اپنی رہائش گاہ پر طلب کیا ہے- نیز راجیہ سبھا کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) کا اجلاس29جنوری کو ہوگا- بجٹ یکم فروری کو پیش کیا جائے گا-
لوک سبھا اسپیکر اوم بیرلا نے کہا تھا کہ بجٹ اجلاس کا پہلا حصہ 29جنوری سے15فروری تک شروع ہوگا اور سیشن کا دوسرا حصہ8مارچ سے8 اپریل تک جاری رہے گا- برلا نے یہ بھی کہا تھا کہ راجیہ سبھا صبح9بجے سے دوپہر2بجے تک اور لوک سبھا شام4بجے سے9بجے تک وقفہ صفر اور وقفہ سوال کے ساتھ جاری رہے گا - ممبران پارلیمنٹ سے بجٹ اجلاس کی شروعات سے قبل کورونا کا RT-PCR ٹسٹ کروانے کو کہا گیا ہے-
غور طلب ہے کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن مالی سال 2021-22کا بجٹ یکم فروری کو پیش کریں گی- مودی سرکار کے دوسرے دور کا یہ تیسرا بجٹ ہوگا-2019 میں لوک سبھا انتخابات کی وجہ سے فروری2019 میں عبوری بجٹ پیش کیا گیا اور پھر جولائی2019میں مکمل بجٹ پیش کیا گیا - اس وقت کے وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے مودی سرکار کے پہلے دور میں پانچ بار بجٹ پیش کیا تھا-